نابالغ بچوں کا نان و نفقہ کا حق سرپرست کی رضامندی سے معاف نہیں کیا جا سکتا،عدالت

04 اکتوبر ، 2026

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عثمان غنی رشید چیمہ نے قرار دیا ہے کہ نابالغ بچوں کا نان و نفقہ حاصل کرنے کا حق والدین یا سرپرست کی رضامندی سے معاف، ترک یا کم نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے فیصلہ کالعدم قرار دے کرنئے سرے سے سماعت کیلئے کیس فیملی کورٹ کو واپس بھجوا دیا،عدالت نے ہدایت کی کہ فیملی کورٹ بچوں کی ضروریات، مفاد اور والد کی مالی حیثیت و سماجی مرتبے کو مدنظر رکھتے ہوئے نان و نفقہ کا معاملہ نئے سرے سے طے کرے،عدالت کو بتایا گیا کہ فیملی کورٹ نے 24 جنوری 2026 کے فیصلے میں نابالغ بچی اور اس کے چھوٹے بھائی کا نان و نفقہ والدہ کی رضامندی کی بنیاد پر 30 ہزار روپے ماہانہ فی کس مقرر کیا تھا، جس کے خلاف اپیل بھی 26 مارچ 2026 کو ڈسٹرکٹ جج سرگودھا نے خارج کر دی تھی۔والد کے وکیل رائے محمد جاوید اقبال کھرل نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ فریقین کی باہمی رضامندی سے طے پایا تھا اور والدہ نے عدالت میں حلفاً بیان دے کر رقم کو قبول کیا تھا، اس لیے اب وہ اس سے منحرف نہیں ہو سکتیں اس لیے درخواست خارج کی جائے۔عدالت نے قرار دیا کہ نابالغ کا نان و نفقہ حاصل کرنے کا حق خود بچے کا ہے نہ کہ والدین یا سرپرست کا اور والدہ محض سرپرست کی حیثیت رکھتی ہے، وہ اس حق کی مالک نہیں بن سکتی، اس لیے اسے یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ بچے کے حقِ نان و نفقہ کو معاف، ترک یا کم کر سکے،بچوں کے حقوق کسی تجارتی اشیاء کی طرح والدین کے باہمی تنازعات میں تبادلے یا سودے بازی کے قابل نہیں، اور فیملی کورٹ پر یہ لازمی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ والدین کے مابین طے پانے والے کسی بھی معاہدے کو بچوں کے حقیقی مفاد کی روشنی میں آزادانہ طور پر جانچے، محض رضامندی کی بنیاد پر فیصلہ کرنا فیملی کورٹ کی اپنی قانونی ذمہ داری سے پہلوتہی کے مترادف ہے۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ نابالغ کی جانب سے سرپرست کوئی بھی سمجھوتہ عدالت کی اجازت کے بغیر نہیں کر سکتا، اور بغیر اجازت کیا گیا ایسا معاہدہ نابالغ کے خلاف کالعدم تصور ہوگا، نان و نفقہ کا تعین کرتے وقت والد کی مالی استعداد اور سماجی حیثیت کا آزادانہ جائزہ لینا ضروری تھا، چاہے فریقین میں رضامندی موجود بھی ہو،عدالت نے واضح کیا کہ ایک بار معاملہ عدالت میں آ جانے کے بعد سرپرست نابالغ کے حقوق بالخصوص نان و نفقہ کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا اگر وہ بچے کے مفاد کے خلاف ہو، والدہ کا رضامندی بیان جس سے بچی اپنے والد سے نان و نفقہ کے حق سے محروم ہوئی، صریحاً غیر قانونی تھا، والدین آپس میں معاہدہ کر سکتے ہیں مگر وہ اپنے بچے کے حق پر سودے بازی نہیں کر سکتے، نان و نفقہ کے معاملات میں بچے کی فلاح والدین کی رضامندی سے کہیں زیادہ اہم ہے۔