لاہور، مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکار لڑکی کا واپس آذربائیجان جانے سے انکار

04 اکتوبر ، 2026

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے) لاہور میں غیر ملکی لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں متاثرہ لڑکی نے آذربائیجان واپس جانے سے انکار کردیا۔متاثرہ لڑکی آذربائیجان واپسی کے لیے رات گئے ائرپورٹ پہنچی، ائیرپورٹ پر چیک ان، امیگریشن کا عمل مکمل کیا گیا۔بورڈنگ کے بعد لڑکی جہاز میں سوار بھی ہوئی مگر کچھ دیر بعد متاثرہ لڑکی نے واپسی سے انکار کردیا۔متاثرہ لڑکی نے بیان دیا کہ پاکستان رک کر اپنے کیس کی پیروی کرنا چاہتی ہوں۔ غیر ملکی لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے معاملے میں نیا موڑ سامنے آگیا، آذربائیجان کی خاتون مسافر ڈیانا نے وطن واپس جانے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیانا نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج کرتے ہوئے شور شروع کر دیا۔ متاثرہ خاتون کا مؤقف تھا کہ پولیس اسے زبردستی واپس بھجوانا چاہ رہی ہے۔ڈیانا نے کہا کہ ’’میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، میں ایسے واپس نہیں جاؤں گی۔‘‘ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈیانا کو اپنے ساتھ لے لیا۔غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں پولیس پہلے ہی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم تاحال روپوش ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق باکو، آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ڈیانا سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ ابتدا میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان خاتون کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں لے گئے، جہاں مبینہ طور پر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان خاتون کو گاڑی میں رنگ روڈ پر گھماتے رہے اور بعد ازاں ڈیفنس فیز 8 کے غازی انٹرچینج کے قریب اتار کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان خاتون کا پرس اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے تھے۔پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون کو سڑک پر دیکھ کر ایک راہ گیر نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی شروع کی گئی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق متاثرہ خاتون اور گرفتار ملزمان کے سویب نمونے فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے مبینہ طور پر جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم تاحال روپوش ہے، جس کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔