پاک پتن سے ’’را‘‘ کا خطرناک دہشت گردواجد گرفتار

04 اکتوبر ، 2026

لاہور،شیخوپورہ(کر ائم رپو رٹرسے،نمائندہ جنگ)پنجاب میں سی ٹی ڈی نے 98انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جس کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13دہشت گرد پکڑے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاک پتن سے ’’را‘‘ کا خطرناک دہشت گرد واجد گرفتار کیا گیا، دیگر دہشت گردوں کی شناخت عثمان، نعیم، عبدالمنان، اسامہ، حسن،۔حسن خان ، بابر،حسنین ،جاوید، رحیم کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ 1، آئی ای ڈی بم 3. ڈیٹونیٹرز12 اور فیوز وائر 35 فٹ برآمد ہوئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 13 مقدمات درج کر لیے گئے،جن کا تعلق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے ہے اور یہ لاہور ۔ سرگودھا ۔گجرات ۔پاک پتن۔راولپنڈی ۔منڈی بہاؤدین ۔فیصل اباد ۔خوشاب۔چنیوٹ ۔خانیوال کے رہائشی ہیں پنجاب بھر میں رواں ہفتے کے دوران 1595 کومبنگ آپریشنز کے دوران 52 مشتبہ افراد گرفتار کرلیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 55416 افراد کو چیک کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔