ایران پر امریکا کا محدود حملہ، نوتعمیر شدہ ایرانی طیارہ شکن نظام کو کامیابی سے نشانہ بنایا، امریکی صدر

04 نومبر ، 2026

تہران (اے ایف پی /نیوزڈیسک )سعودی اتحادی فوج کا مکہ کے علاقے میں ڈرون مار گرانے کا دعویٰ‘حوثی گروہ کی حملے کی تردید‘ابہاایئرپورٹ اور خمیس مشیط ایئربیس نشانہ ‘سعودیہ میں آئندہ سال جنوری فروری میں ہونیوالا ایشین فٹبال کپ مؤخر‘ پاسداران انقلاب کا جنوبی علاقے بندر خمیر کے اوپر دو امریکی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ ‘ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے‘ ایرانی جزیرے قشم پر امریکی حملے ‘پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیںجبکہ صدرڈونلڈٹرمپ نےحملے کی تصدیق کرتے ہوئےکہاہےکہ ایران میں نوتعمیر شدہ طیارہ شکن نظام کوکامیابی سے نشانہ بنایا گیا‘ انہوں نے اس کارروائی کو محدودحملہ قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ بہت زیادہ لوگوں کومارنے کے خواہش مند نہیں لیکن اگرضرورت پڑی توہمیں ایسا کرنا ہوگا۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ جزیرہ قشم پر امریکی حملوں میں اس کا کوئی کردارنہیں تھا‘ امریکی فوجی حکام کے مطابق یہ کارروائی پاسداران کی جانب سے امریکی طیارے پر فائرنگ کے جواب میں کی گئی ۔دوسری جانب صدر پزشکیان کاکہنا ہے کہ دوبارہ لڑائی کسی کے مفاد میں نہیں ‘ تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران دھمکیوں اور فوجی کارروائیوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا اور ملک اس وقت دفاعی تیاری کی اعلیٰ ترین سطح پر ہے‘جنگ روکنے کے لیے گیند اب امریکا کے کورٹ میں ہے‘ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے واضح کیا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن سے سفارتی رابطے جاری ہیںاور ایران ہر صورتحال سے نمٹنے اور نئی جارحیت کاجواب دینے کے لیے تیار ہے جبکہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ایران کے مطالبات پر امریکا کا جواب قابل اطمینان نہیں تھا۔قطرکا کہنا ہے کہ اسے اب بھی امید ہے کہ امریکا اور ایران کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں تاحال کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہوسکاہے ‘ ایران اپنے دفاع کے لیے تیار ہے اورکسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دے گاجبکہ حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں گزشتہ دو روز کے دوران سعودی حملوں میں 17افرادہلاک ہوئے ہیں۔