اسلام آباد (رانا غلام قادر، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت منگل کے روز خیبرپختونخوا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اعلی عسکری حکام سمیت وفاقی وزراء اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ذرائع اجلاس میں مجموعی قومی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں سیکورٹی صورتحال سے متعلق غور کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں امن کی بحالی کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف فیصلوں اور ان کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنا وفاقی حکومت کا عزم ہے۔صوبے میں پائیدار امن کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ قومی ترجیحات ہیں۔حکومتی نظام کی بہتری اور سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنا قومی ترجیحات ہیں۔