وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، KP میں انٹیلی جنس بیس آپریشنز کا دائرہ بڑھانے پر اتفاق

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد (رانا غلام قادر، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت منگل کے روز خیبرپختونخوا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اعلی عسکری حکام سمیت وفاقی وزراء اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ذرائع اجلاس میں مجموعی قومی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں سیکورٹی صورتحال سے متعلق غور کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں امن کی بحالی کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف فیصلوں اور ان کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنا وفاقی حکومت کا عزم ہے۔صوبے میں پائیدار امن کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ قومی ترجیحات ہیں۔حکومتی نظام کی بہتری اور سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنا قومی ترجیحات ہیں۔ وفاقی حکومت عوامی فلاح، روزگار اور معاشی مواقع پیدا ،عوام کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔صوبے میں تعلیم، صحت، روزگار، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے۔ قومی سطح پر مشترکہ ذمہ داری، مقامی آبادی کی شمولیت اورتمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنایا جائیگا۔ یادرہے کہ وزیراعظم وفاقی حکومت کی جانب سے’بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا‘‘ پروگرام کیلئے 160 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ۔ وزیر داخلہ سید محسن نقوی ۔ وزیر خزانہ اورنگزیب۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال ۔ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی شریک ہوئے۔