بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ،17 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد ( طاہر خلیل ، نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر )بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، ضلع کچھی کے علاقے سنی میں دہشتگردوں کی سڑک بند کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،کارروائی میں 10 دہشتگرد مارے گئے،ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا،کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج ہلاک ہوگئے،صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔