ٹیکساس، سینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ

04 نومبر ، 2026

ٹیکساس ( راجہ زاہد اختر خانزادہ) مبصرین کا کہنا ہے کہسینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ ہے،سرخ ریاست نیلی ہونے کے دہانے پر سیاست بھی سٹے بازوں کے نشانے پر ہے جبکہ گورنر ایبٹ بھی شدید دباؤ میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ریاست ٹیکساس جہاں 1994 کے بعد سے کوئی ڈیموکریٹ ریاستی سطح کا انتخاب نہیں جیت سکا اور جو 1980 سے ہر صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کا ساتھ دیتا آیا ہے، اس بار ایک بڑی سیاسی تبدیلی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ تین نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل کے سرویز ظاہر کرتے ہیں کہ تین دہائیوں سے سرخ چلی آنے والی یہ ریاست جزوی یا مکمل طور پر نیلی ہوسکتی ہے۔مبصرین اس تبدیلی کی بڑی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں، خصوصاً امیگریشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور معاشی دباؤ، کو قرار دیتے ہیں۔ 2024 میں ٹیکساس کے ہسپانوی ووٹرز نے ٹرمپ کو تقریباً 10 پوائنٹس کی برتری دی تھی، مگر اب یہ رجحان الٹ چکا ہے کک پولیٹیکل رپورٹ اور ٹیلی ویسا یونی وژن کے تازہ سروے میں ہسپانوی ووٹرز نے سینیٹ کے لئے ٹیلاریکو کو 63 کے مقابلے میں 30 فیصد اور گورنر کے لئے ہینوہوزا کو 60 کے مقابلے میں 33 فیصد حمایت دی۔ اسی سروے میں ہسپانوی ووٹرز میں ٹرمپ کی پذیرائی 33 فیصد رہ گئی، جبکہ تقریباً دو تہائی نے کہا کہ وہ ڈی پورٹیشن پالیسی کے حامی امیدوار کو ووٹ دینے سے گریز کریں گے اسی رجحان کے باعث امریکی سینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔ ریئل کلیئر پولنگ کے اوسط میں ڈیموکریٹ جیمز ٹیلاریکو 49 اور ری پبلکن کین پیکسٹن 46.5 فیصد پر ہیں۔ نیویارک ٹائمز/سیئنا کے سروے میں ٹیلاریکو 50 کے مقابلے میں 43 سے آگے ہیں، تاہم ٹریفلگر گروپ کے سروے میں دونوں 48، 48 فیصد پر برابر ہیں۔گورنر کی نشست پر بھی ری پبلکنز کو لالے پڑے ہوئے ہیں۔ گورنر گریگ ایبٹ کے پاس بے پناہ وسائل اور اثر و رسوخ ہے؛ ریاستی ریکارڈ کے مطابق اگست تک ان کی انتخابی کمیٹی ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کر چکی تھی اور اس کے پاس ساڑھے چھ کروڑ ڈالر سے زائد نقد موجود تھی، جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوہوزا کا خرچ چالیس لاکھ ڈالر سے بھی کم تھا۔