مستحق صارفین کو رعایتی نرخوں پر گیس فراہمی کیلئے خصوصی فنڈ قائم ہوگا ‘وفاقی وزراء

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد ( طاہر خلیل،عاطف شیرازی ، اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیمعلی پرویز ملک اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت ایل پی جی کی درآمد، قیمتوں کے تعین اور تقسیم کیلئے نیا شفاف طریقہ کار متعارف کرا رہی ہے جسکے تحت مستحق صارفین کو رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کرنے کیلئے خصوصی فنڈز قائم کیے جائینگے جبکہ مقامی ایل پی جی کی پانچ اور دس ٹن کے حساب سے نیلامی کی جائے گی،سرکاری کمپنیاں عالمی مارکیٹ سے بلک بنیادوں پر ایل پی جی درآمد کریں گی،ایل پی جی سیکٹر میں اجارہ داری کے خاتمے اور مسابقت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پہلی مرتبہ آئل ریفائنریوں کا منافع عوام کو منتقل کیا گیا،اہل صارفین کو 300 سے 400 روپے فی کلو کے رعایتی نرخوں پر ایل پی جی فراہم کرنے یا فی کلو 50 روپے سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کیلئے ریفائنریز کے ساتھ مل کر اقدامات کیےجسکے بعد عالمی مارکیٹ میں کچھ نرمی آئی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایل پی جی کی سالانہ طلب تقریباً 24 لاکھ ٹن جبکہ روزانہ کھپت 6,500 سے 7,000 ٹن ہے۔ ملک میں مقامی پیداوار تقریباً 2,000 سے 2,500 ٹن یومیہ ہے اور باقی ضرورت درآمدات کے ذریعے پوری کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی آرامکو کا کنٹریکٹ پرائس (سی پی) مارچ میں 540 ڈالر فی ٹن تھا جو حالیہ عرصے میں بڑھ کر 756 ڈالر فی ٹن ہو گیا ہے۔ اوگرا اسی عالمی قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں ردوبدل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سپاٹ مارکیٹ میں سعودی سی پی کے علاوہ 300 سے 400 ڈالر فی ٹن تک پریمیم بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ فریٹ اور دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ سے آنے والی ایل پی جی کی قیمت تقریباً 450 سے 500 روپے فی کلو تک بن سکتی ہے، حکومت قیمتوں کے تعین میں شفافیت کیلئے سعودی آرامکو سی پی، پریمیم، فریٹ اور دیگر اخراجات کی تفصیلات متعلقہ سرکاری کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ماہانہ بنیادوں پر جاری کرے گی۔