اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کا قومی پرچم ڈے منایا گیا

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے سفیر سالم محمد الزعابی کی قیادت میں منگل کو یو اے ای فلیگ ڈے منایا۔ اس موقع پر سفارت خانے میں قومی پرچم لہرایا گیا، جس میں سفارت کاروں، سفارتی عملے اور مقامی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر میں قائم اس کے سفارتی مشنز میں بیک وقت منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریبات کا حصہ تھی۔اس موقع پر سفیر سالم الزعابی نے کہا کہ فلیگ ڈے قومی اتحاد، خودمختاری اور مشترکہ شناخت کی علامت ہے۔ انہوں نے امن، رواداری اور ترقی کے اصولوں سے متحدہ عرب امارات کی وابستگی کا اعادہ کیا اور پاکستان و امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق فلیگ ڈے کا آغاز 2013ء میں ہوا تھا، جبکہ اماراتی پرچم 1971ء میں عبداللہ محمد المعینہ نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس کے چار رنگ بالترتیب سرخ جرات و قربانی، سبز ترقی و خوشحالی، سفید امن و انسان دوستی اور سیاہ قومی وقار، اتحاد اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔