انصار عباسی
اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، اہلیہ کی بیماری پر بانی کو تشویش ،وکیل کو عدالتوں سے ریلیف لینے کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پیر کے روز اڈیالہ جیل میں اپنے وکیل سے ملاقات کے وقت خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سمیت حالیہ سیاسی پیش رفت سے آگاہ تھے۔ایک طویل وقفے کے بعد ہونے والی یہ ملاقات مبینہ طور پرپیشہ ورانہ اور قانونی امور تک محدود رکھی گئی جو کہ اس باہمی اتفاق کے عین مطابق تھی کہ اس ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق عمران خان جیل سے باہر کی پیش رفت، بشمول حالیہ آئینی و سیاسی تبدیلیوں سے پہلے ہی باخبر تھے، اگرچہ ملاقات کے دوران وکیل نے انہیں ان امور پر کوئی بریفنگ نہیں دی۔