امریکی انتخابات کئی ریاستوں میں پولنگ مکمل ، ٹرمپ مقبولیت کی کم ترین سطح پر

04 نومبر ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا میں سینیٹ کی 35، ایوان نمائندگان کی تمام 435نشستوں اور 36ریاستوں میں نئے گورنرز کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ، کئی ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، کچھ ریاستوں میں ووٹنگ بدھ کا عمل بدھ کے روز تک مکمل ہوجائے گا، ٹرمپ کی مقبولیت کم ترین سطح پرآگئی ہے، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولز نتائج کےمطابق دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کو ریپبلکن پر معمولی برتری حاصل ہونے کا امکان ہے جبکہ ٹرمپکا دعویٰ ہے کہ نتائج اس کے برعکس ہوں گے ،امریکی اخبار کے مطابق سروے کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی شہری ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں (جس کی وجہ ایران جنگ ہے) سمیت زندگی کے اخراجات میں اضافے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو شکست دینے کے موڈ میں ہیں۔پولنگ اسٹیشنز کھلنے کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے قومی صبح کے ٹیلی ویژن شو’’فاکس اینڈ فرینڈز‘‘ کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ”میرے خیال میں نتائج آپ کی سوچ سے کہیں زیادہ بہتر ہوں گے۔“تاہم، بہت سے سروے اس کے برعکس صورتحال دکھا رہے ہیں، اور یہ پیشگوئی کی جا رہی ہے کہ چند ایسی ریاستیں بھی جہاں دہائیوں سے ڈیموکریٹک سینیٹر منتخب نہیں ہوئے، وہاں بھی سیاسی بازی پلٹ سکتی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول پر دیئے گئے اپنے بیانات کی میڈیا کوریج پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس پول کو اپنے نام سے منسوب کرنے سے متعلق ان کے مذاق کا صحافیوں نے غلط مطلب نکالا۔دریں اثناءانتخابات کے دوران دشواریوں اور شکایات کا سامنا بھی رہا ، نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی سمیت اہم سوئنگ اضلاع میں ووٹنگ مشینوں کے بیلٹ سکین نہ کرنے کی تکنیکی دشواریاں سامنے آئی ہیں، جس کے بعد تکنیکی ٹیمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے کام کررہی تھیں۔ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے ایگزیکٹو کین جینکنز نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کاؤنٹی کی 40 سے زائد بلدیاتی حدود کے 332 پولنگ مقامات پر ووٹنگ مشینیں 2 لاکھ 50 ہزار تک بیلٹ پیپرز کو اسکین کرنے میں ناکام رہی ہیں۔کاؤنٹی کے بورڈ آف الیکشنز کے ترجمان نے بیلٹ پیپرز کی اس تعداد کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔فلوریڈا میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث انتظامیہ کو 23 پولنگ مقامات کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنا پڑا۔ٹیکساس کی ٹیرنٹ کاؤنٹی، جہاں فورٹ ورتھ واقع ہے، کے تقریباً ایک درجن پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کو ایک گھنٹے یا اس سے زائد کا انتظار کرنا پڑا، مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے تک دو پولنگ اسٹیشنوں پر انتظار کا وقت دو گھنٹے رپورٹ کیا گیا۔اسی طرح کنساس کے سیکرٹری آف اسٹیٹ کے دفتر کے حکام کے مطابق، کنساس کی لیون ورتھ کاؤنٹی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر منگل کی صبح تقریباً 8 بجے بیلٹ پیپرز ختم ہو گئے تھے۔پہلے نتائج امریکی وقت کے مطابق شام چھ بجے کے بعد آنا شروع ہوں گے۔جیسے جیسے اگلے چند گھنٹوں میں مختلف ریاستوں میں پولنگ ختم ہوتی جائے گی، ابتدائی اشارے سامنے آ سکتے ہیں اور بعض ریاستوں کے نتائج کے بارے میں امریکی میڈیا پیش گوئیاں بھی کرنا شروع کر سکتا ہے۔ تاہم سخت مقابلوں کی صورت میں حتمی اندازے سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔مجموعی نتائج کب تک سامنے آئیں گے، اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ مقابلے کتنے سخت ہیں اور کون سی ریاستیں فیصلہ کن ثابت ہوتی ہیں۔2022 میں بھی وسط مدتی انتخابات کے اگلے روز، یعنی نو نومبر تک، امریکی کانگریس کے کنٹرول کے لیے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان سخت مقابلہ جاری تھا۔