وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ، KP میں انٹیلی جنس بیس آپریشنز کا دائرہ بڑھانے پر اتفاق

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد (نیوز ایجنسی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال، امن و امان کے مسائل اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام اور وفاقی وزراء نے شرکت کی، جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا اور خیبرپختونخوا میں حکومتی امور، انتظامی اقدامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس کو خیبرپختونخوا میں حکومت کے مختلف شعبوں کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں امن و امان کی موجودہ صورتحال بھی زیر بحث آئی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اے آر ڈی سی کی اب تک کی کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کیلئے انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشنز کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔