کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان کی سفارتی کامیابی، اقوام متحدہ میں تین قراردادیں منظورکرلی گئیں، منظور کی گئی قراردادوں میں غیر جوہری ممالک کی سلامتی، روایتی اسلحے کے کنٹرول اور اعتماد سازی سے متعلق قراردادیں شامل ہیں۔اقوام متحدہ کی 81ویں جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی (جو کہ تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق ہے) کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی تین قراردادیں منظور کر لی گئی ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق، ان نتائج سے غیر جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک کے لیے سلامتی کی ضمانتوں اور اسلحے کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے علاقائی نقطہ نظر پر پاکستان کے دیرینہ کام کے لیے عالمی برداری کی مسلسل حمایت ظاہر ہوتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ "علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات" کے عنوان سے قرارداد بغیر کسی ووٹ کے منظور کر لی گئی۔ "علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی اسلحے کا کنٹرول" کے عنوان سے قرارداد 180 ووٹوں کی زبردست اکثریت سے منظور کی گئی۔ اس سے پہلے، پاکستان کی قرارداد "غیر جوہری ہتھیاروں کے حامل ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی کے خلاف مؤثر بین الاقوامی انتظامات کا حصول" 122 ووٹوں سے منظور کی گئی، جس کی مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔پاکستان نے کئی دہائیوں سے روایتی اسلحے کے کنٹرول، اعتماد سازی کے اقدامات اور علاقائی تخفیفِ اسلحہ کے ترجیحی مسائل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ میں اقدامات کی قیادت کی ہے۔بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اسلحے کے کنٹرول کے کمزور ہوتے ہوئے ڈھانچے کے دور میں، یہ قراردادیں خطرات کو کم کرنے، اعتماد سازی اور بین الاقوامی و علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے عملی اور باہمی تعاون کے راستے پیش کرتی ہیں۔