پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کی تعداد میں نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا

04 نومبر ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کی تعداد میں نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا۔اکتوبر 2026 میں 25 ہزار 747 نئے سرمایہ کاروں کا اضافہ ہوا ہے جو ماہانہ بنیاد پر اب تک کا سب سے بڑا اور سالانہ بنیاد پر 66 فیصد اضافہ ہے۔اس اضافے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا مجموعی سرمایہ کار بیس 6 لاکھ 81 ہزار 965کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جو سالانہ بنیاد پر 56فیصد زیادہ ہے، وزارت خزانہ کے مطابق صرف 10 ماہ کے دوران یعنی جنوری سے اکتوبر 2026 تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2 لاکھ 18 ہزار 894 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے ہیں،یہ تعداد گزشتہ چار مکمل سالوں یعنی 2022 سے 2025 تک کے مجموعی اضافے 1 لاکھ 93 ہزار 246 سے بھی زیادہ ہے اور تقریباً پانچ سال کے برابر ہے،وزارت خزانہ کے مطابق جون 2022 میں سرمایہ کاروں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 522 تھی جو جون 2024 میں 3 لاکھ 29 ہزار 292، جون 2026 میں 5 لاکھ 83 ہزار 52 اور اکتوبر 2026 میں 6 لاکھ 81 ہزار 965 تک پہنچ گئی، یعنی جون 2022 سے اب تک 148 فیصد اضافہ ہو چکا ہے،وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سب سے حوصلہ افزا پہلو یہ ہے کہ نئے آنے والے 85 فیصد سرمایہ کاروں کا تعلق جن زی اور ملینیلز نسل سے ہے، سرمایہ کاروں کی تعداد میں یہ نمایاں اضافہ کیپٹل مارکیٹ پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور پاکستان کی معیشت میں گہری تبدیلی کا مظہر قرار دیا گیا۔