اسلام آباد ( کامرس رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کووزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہرکیانی نے بتایا کہ تاجردوست سکیم کے تحت ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر کو ختم ہو چکی ہے اور حکومت اب سکیم پر عملدرآمد اور نفاذ کے مرحلے کے آغاز کی تیاری کر رہی ہے ،سکیم پر عمل نہ کرنے والے ریٹیلرز کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ٹیکس گوشوارے جمع کرانا بھی قانونی طور پر لازم ہوگا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کااجلاس منگل کومنعقد ہوا۔اجلاس میں ملک کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں سے متعلق اہم امور پر غور کرتے ہوئے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم کی کارکردگی اور مجوزہ اصلاحات، تاجردوست سکیم پر عملدرآمد میں پیشرفت اور سرحدی بندشوں کے معاشی اثرات کا جائزہ لیا۔ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم پر بحث کے دوران کمیٹی کے ارکان نے سکیم کے تحت مالی وسائل کے استعمال، عملی طریقہ کار، اہلیت کے معیار اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لئے اس کے کردار کا جامع جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ ارکان نے سکیم کے مبینہ غلط استعمال اور مجموعی برآمدات میں اس کے تناسب سے اضافہ نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔