اسلام آباد ( طاہر خلیل )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات مقررہ مدت میں نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سے وضاحت طلب کی ہے کہ آئندہ انتخابات کے لیے اسے انتخابی نشان حاصل کرنے یا برقرار رکھنے کے لیے نااہل کیوں قرار نہ دیا جائے؟۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعات 208، 209 اور 215 کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 16 اپریل 2026 کے حکم نامے کے ذریعے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لیے توسیع شدہ مدت مقرر کی تھی، جس کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کو 15 اکتوبر 2026 تک انٹرا پارٹی انتخابات کرانا تھے، تاہم مقررہ مدت میں انتخابات نہیں کرائے گئے۔