لیوی پر حکومت ، جماعت اسلامی مذاکرات ، مزید مشاورت پر اتفاق

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد ( رانا غلام قادر)پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومتی اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان منگل کے روزنائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دفتر وزارت خارجہ میں مذاکرات ہو ئے، مذاکرات میں مزید مشاورت پر اتفاق کیا گیا ،اس دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا عالمی معاشی چیلنجز کے تناظر میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا جبکہ قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے اور 1000سی سی گاڑیوں کو ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا، مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ۔جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، انجینئر نصر اللہ رندھاوا شامل تھے،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حکومتی ٹیم کی قیادت کی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور سپیشل سیکرٹری پٹرولیم نے ان کی معاونت کی ۔۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات پر کھل کر بات چیت ہوئی، بالخصوص کم آمدنی والے شہریوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے امکانات پر توجہ مرکوز کی گئی۔فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔