کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے تیسرے سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے پروفیسرز اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی مستقل تعیناتی پر پابندی کے باعث اب تک100سے زائد اسکالرز بلوچستان چھوڑ چکے ہیں صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں تعلیمی معیار اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے موجود پی ایچ ڈی اسکالرز اور سینئر پروفیسرز کو برقرار رکھنے اور نئے پروفیسرز و ریسرچرز کو راغب کرنے کی غرض سے ایک جامع اور پُرکشش حکمتِ عملی تشکیل دینی ہوگی تاکہ برین ڈرین کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔ برین ڈرینج کی روک تھام اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں علمی و تحقیقی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں اس سے تمام جامعات کی کارکردگی بہتر ہوگی اور طلبہ کو جدید علم و تحقیق سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔ گورنر نے وی سی پروفیسر مقصود احمد اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں تاہم اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہےاجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نجم الدین مینگل، قائد حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری، وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، وائس چانسلر پروفیسر مقصود احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد شاہ، رجسٹرار انجینئر لیاقت لہڑی اور سینیٹ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ارکان کی تجاویز اور سفارشات پر غور و خوض کے بعد یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے تیسرے سینیٹ اجلاس کا اختتام سینیٹ ممبران میں یادگار شیلڈز کی تقسیم سے ہوا۔