نیوٹیک تربیتی پروگرام مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہونے چاہئیں، جعفر مندوخیل

04 نومبر ، 2026

کوئٹہ(خ ن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ نیوٹیک جیسے اداروں کی افادیت اس لیے زیادہ ہے کیونکہ اسکے تمام پروفیشنل اور ٹیکنیکل پروگرام مارکیٹ کے تقاضوں اور انسانی ضروریات کے مطابق ہیں جب کتابی علم اور تصوراتی خیالات کو زمینی حقائق اور انسانی ضروریات سے جوڑا جائے تو وہ حقیقی اور بامعنی نتائج پیدا کرتے ہیں نیوٹیک ترقی اور روزگار کے حوالے سے خودکفالت کی بنیاد ہے اور یہی ہمارے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی چیئرمین قمر الاسلام راجہ کی قیادت میں وفد سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں نیوٹیک پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ نادیہ کریم شاہ،پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی اور نیوٹیک بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین بخش مگسی بھی شریک تھے گورنرنے کہا کہ بلوچستان کے تناظر میں یہ سمجھنا لازمی ہے کہ صوبے کے تمام ڈویژنز کی معاشی ضروریات یکساں نہیں ہیں۔ ہر ڈویژن کی اپنی معاشی اور معاشرتی خصوصیات ہیں لہٰذا ہمیں نیوٹیک کے پروفیشنل اور ٹیکنیکل تربیتی پروگرام بھی مقامی معاشی ضروریات کے مطابق ترتیب دینے ہونگے۔ نیوٹیک کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کو مارکیٹ کی ضروریات، صنعتوں کے تقاضوں اور روزمرہ زندگی کی عملی ضرورتوں کے مطابق تشکیل دے۔ ہمیں ایسے تربیتی پروگراموں کی ضرورت ہے جو محض نصابی تقاضے پورے نہ کریں بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنائیں، انہیں خود روزگاری کی طرف راغب کریں اور معاشی خودمختاری کا راستہ دکھائیں۔