بنگلہ دیش ،گارمنٹس مزدوروں کا تنخواہوں میں 140فیصد اضافے کا مطالبہ

04 نومبر ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش میں گارمنٹس مزدوروں کا تنخواہوں میں 140فیصد اضافے کا مطالبہ،مزدور مہنگائی سے پریشانآمدن کرایوں، خوراک اور علاج کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر، فیکٹریوں میں کام کرنا جبری مشقت بن گیا، کم ازکم ماہانہ تنخواہ67ہزار روپے( 30ہزار ٹکا ) مقرر کرنے کیلئے احتجاج،میڈیا اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں عالمی برانڈز کیلئے ملبوسات تیار کرنے والے مزدوروں نے بڑھتی مہنگائی کے باعث کم از کم ماہانہ اجرت 30 ہزار ٹکا مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، اس مقصد کیلئے ڈھاکا کے صنعتی علاقے غازی پور سمیت مختلف مقامات پر کئی روز سے احتجاج اور ہڑتال جاری ہے، مزدور موجودہ کم از کم تنخواہ میں 140 فیصد اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں، 27 سالہ مزدور آمنہ کے مطابق سات سال سے کام کرنے کے باوجود اس کی ماہانہ آمدن 12 ہزار 500 ٹکا ہے، جس میں سے 4 ہزار 500 ٹکا مکان کے کرائے اور 5 ہزار والدین کو بھیجنے کے بعد صرف 3 ہزار ٹکا بچتے ہیں، جو خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات کیلئے ناکافی ہیں، کارکنوں کا کہنا ہے کہ تقریباً 8 فیصد مہنگائی اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں نے ان کی قوت خرید ختم کردی ہے، بنگلہ دیش دنیا کا چین کے بعد دوسرا بڑا ملبوسات برآمد کرنے والا ملک ہے اور اس شعبے سے لاکھوں افراد وابستہ ہیں، تاہم مزدوروں کے مطابق عالمی برانڈز کیلئے کپڑے تیار کرنے کے باوجود ان کی اجرت اتنی کم ہے کہ بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، کارکنوں نے حکومت اور فیکٹری مالکان سے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار کے محدود مواقع کے باعث وہ کم اجرت پر کام جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔