اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گیس فراہمی کھانا پکانے کے اوقات تک محدود

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ایل این جی کی دستیابی میں کمی اور موسم سرما میں طلب بڑھنے کے باعث اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی محدود کرتے ہوئے بدھ سے روزانہ صرف 3 مخصوص اوقات میں گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت صارفین کو صبح 6:30 سے 9 بجے، دوپہر 12 سے 2:30 بجے اور شام 6 سے رات 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔ حکومت نے محدود ذخائر کے پیش نظر گھریلو صارفین کو دیگر شعبوں پر ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایس این جی پی ایل نے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بھی 50 ملین مکعب فٹ یومیہ سے کم کرکے 35 ملین مکعب فٹ کردی ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں اسے مکمل طور پر بند کرنے کا منصوبہ ہے۔ سیمنٹ انڈسٹری پہلے ہی متبادل ایندھن کے طور پر کوئلے پر منتقل ہوچکی ہے، جبکہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے منسلک صنعتی صارفین کو بھی گیس کی کم فراہمی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ٹرانسمیشن نیٹ ورک سے براہ راست منسلک برآمدی اور غیر برآمدی صنعتوں کو تقریباً 200 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کی جارہی ہے، تاہم ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے منسلک صنعتوں کی فراہمی میں مزید کمی خارج از امکان نہیں۔