کراچی( افضل ندیم ڈوگر )امریکی فضائیہ کے KC-135اور KC-46جیسے فضائی ایندھن بھرنے والے نصف درجن طیارے مشرق وسطی میں مسلسل پروازیں کررہے ہیں جو ایران کی فضائی حدود کے ساتھ غیرمعمولی نظر رکھے ہوئے دیکھے گئے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق جب کسی خطے لڑاکا یا بمبار طیارے کسی بڑے آپریشن، فضائی گشت یا دفاعی مشن پر مامور ہوں تو فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے فعال دکھائی دیتے ہیں جو شدید فوجی و اسٹریٹجک سرگرمیوں کے دوران فائٹر جیٹس کو مسلسل فیولنگ کی فراہم کرتے رہے ہیں۔ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مہینوں میں جاری کشیدگی کی وجہ سے امریکی سینٹرل کمانڈ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے جنگی اثاثوں، ٹرانسپورٹ طیاروں (C-17 اور C-5) اور ٹینکرز کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا ہے۔ عام طور پر فوجی طیارے اپنے ٹرانسپونڈرز بند رکھتے ہیں لیکن جب یہ ٹینکرز بین الاقوامی فضائی کوریڈورز میں سفر کرتے ہوئے اپنے سگنل آن کرتے ہیں تو دنیا بھر کے لاکھوں لوگ کسی بڑے ممکنہ فوجی واقعے یا حملے کا اندازہ لگانے کیلئے انہیں بیک وقت ٹریک کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس سے یہ پروازیں "موسٹ ٹریکڈ" لسٹ میں سب سے اوپر آ جاتی ہیں۔