کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی حملوں کے باوجود ایران سے سفارتی رابطے جاری، قطر ثالثی میں سرگرم،دوحاکے وفد کی تہران میں ایرانی حکام سے ملاقاتیں،امریکا اور ایران کو ثالثوں کی نئی تجاویز موصول،دوحہ کو دونوں فریقوں کے جواب کا دو روز میں انتظار،خلیجی ممالک کو نئی جنگ کے خدشات نے گھیر لیا۔ بلومبرگ کے مطابق امریکا اور ایران نے اختلافات حل کرنے اور مکمل جنگ کی بحالی سے بچنے کے لیے ثالثوں کی نئی تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔معاملے سے باخبر ایک سفارت کار نے بتایا کہ قطری ثالث پیر کو تہران پہنچے جہاں ایرانی حکام سے مذاکرات مثبت رہے، قطر کو توقع ہے کہ دونوں فریق آئندہ دو روز میں تجاویز پر اپنا ردعمل دیں گے۔ دوسری جانب خلیجی ممالک کو خدشہ ہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کا ایک اور حملہ پورے خطے میں پہلے سے زیادہ تباہ کن جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے پہلے مزید حملوں کا امکان مسترد کیا ہے۔