لاہور (خصوصی نمائندہ/ جنرل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے گجرات سے ایک وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ پنجاب میں کرپشن سے الماریاں بھری ہیں،وزیر اعلیٰ مریم نواز چوہدری سالک پر برہم ۔کہتے ہیں پرویز الٰہی کی حکومت اچھی تھی،جہاں بارش میں لینڈ کروزر جیسی گاڑی ڈوب جاتی تھی، بات کرپشن کی نہیں،تکلیف یہ ہے کہ ہماری مرضی کا ڈی سی گجرات کیوں نہیں لگایا۔ اٹک کی کامسٹ یونیورسٹی آمد، خیبرپختونخوا میں 3600 طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیا جارہا ،پہلے، دوسرے اور تیسرے فیز میں ایک لاکھ8 ہزار طلبہ و طالبات میں سکالر شپ تقسیم۔ اپنی چھت، اپنا گھر پورٹل پر 17 لاکھ سے زائد افراد کی انٹری، 62600 گھر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن، دو لاکھ 25ہزار سے زائد لون جاری، نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ مریم نے کا مسٹ یونیورسٹی اٹک میں لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا جھوٹا الزام لگانے والے وفاقی وزیر کو کہتی ہوں کہ کرپٹ حکومت میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہو،ثبوت لائو ورنہ ہرجانے کا نوٹس بھجوارہے ہیں۔پنجاب میں کھربوں روپے کے پراجیکٹس بنا رہے ہیں،ایک ایک منصوبہ تین،تین سو ارب روپے کا ہے۔ حلف اٹھا کر کہہ سکتی ہوں کہ ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔ اگر ثابت ہوجائے تو عوام کے اوراللہ کے سامنے جوابدہ ہوں،جھوٹے الزام لگانا کافی نہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کہتے ہیں پرویز الٰہی کی حکومت اچھی تھی،جہاں بارش کے پانی میں لینڈ کروزر جیسی گاڑی ڈوب جاتی تھی۔گجرات میں خود دیکھا ہے کہ لوگ ٹرالیوں پر گھروں پر آجارہے تھے کیونکہ بائیک اورگاڑی نہیں چل سکتی تھی۔ڈیڑھ،دو سال گزرنے کے بعد اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گجرات میں پانی کھڑا نہیں ہوتا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بات کرپشن کی نہیں،تکلیف یہ ہے کہ ہماری مرضی کا ڈی سی گجرات کیوں نہیں لگایا۔پنجاب میں اب محنت کے ساتھ سوفیصد میرٹ پر کام ہوتا ہے۔سفارش پر ڈی سی نہیں لگاتی کیونکہ یہ امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔سفارش پر آنے والے ملک کا بیڑہ غرق کردیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ اورہونہارسکالر شپ حاصل کرنیوالے طلبا پنجاب کی کریم کے طورپرتقریب میں شریک ہیں۔ماں ہونے کے ناطے اپنے بچوں کے درمیان ان کی کامیابی کو منانے کیلئے خود اٹک آئی ہوں۔اولاد کی کامیابی پر والدین کا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔طلبہ کو ان کی محنت کا صلہ اورحق مل رہا ہے،شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔طلبہ کو اپنا حق سراٹھا کرلینا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود محنت کرکے کامیابی حاصل کرنے والے بچے قابل تحسین ہیں۔آج کے طلبا کل پاکستان کی تقدیر لکھیں گے۔ میں بچوں کے پاس دوسروں کی خامیاں بیا ن کرنے نہیں آئی،بلکہ اپنی کارکردگی کا رپورٹ کارڈ لے کرآئی ہوں۔والدہ کے انتقا ل کی وجہ سے مشکلات کی شکار بچی کو ہونہار سکالرشپ ملنے سے اس کے مالی مسائل حل ہوگئے۔ہونہار سکالر شپ حاصل کرنیوالے ہر بچے کی اپنی اپنی کہانی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک بچہ ملا جس کے والد مزدورتھے،اب وہ سکالر شپ پا کر بہت خوش ہے۔ماضی میں بہت سے بچے ایسے تھے جوقابلیت کے باوجود تعلیم جاری نہ رکھ سکے۔مگر اب فیس نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو تعلیم سے محروم نہیں ہونا پڑے گا۔ چند روز میں بچوں کیلئے ای بائیک پراجیکٹ بھی لانچ کرنے جارہے ہیں،پنک بیٹیوں کیلئے اوربلیک سکوٹی بیٹوں کیلئے ہوگی۔ای بائیک ملنے سے طلبہ کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بیٹیوں کے تحفظ کیلئے امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنایا تاکہ بائیک پر اکیلے سفرکرنے پر کوئی مسئلہ نہ ہو۔ہر بیٹا ہر بیٹی پنجاب میں احساس تحفظ سے مالا مال ہے۔ہرکوئی جانتا ہے کہ پنجاب میں ہے تو محفوظ ہے۔پنجاب واحد صوبہ ہے جو لیپ ٹاپ،سکالرشپ اورسکوٹی دے رہا ہے۔پنجاب بچوں کو لیپ ٹاپ ہی نہیں بلکہ گارڈ آف آنر بھی دیتا ہے۔ پنجاب کا باڈر ختم ہوتے ہی ترقی بھی ختم ہوجاتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ وہاں کالج بنے،نہ سڑک بنی،نہ بسیں آئیں اورنہ کوئی کام ہوا۔میں وہ ماں نہیں جو مسئلے گنواتی ہے بلکہ مسئلے حل کرنے کیلئے دن رات ایک کرتی ہے۔اٹک داخل ہوئی تو گرامر سکول اورنوازشریف سکول آف ایمننس کو ساتھ ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی،یہ معجزے سے کم نہیں۔ایئر کنڈیشنڈ کلاس روم،اے آئی لیب اورسائنس لیب سے مزین پنجاب بھر میں 300نوازشریف سکول آف ایمننس بن رہے ہیں۔نوازشریف سکول آف ایمننس،گرامر سکولوں سے بہتر ہے بلکہ ایجوکیشن کا انقلاب ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر بچے سے اتنا ہی پیارہے جتنا اپنی اولاد سے پیار ہے۔بچوں سے دل کا رشتہ ہے،بچے گلے لگ کر خوشی سے روتے ہیں۔منڈی بہاؤالدین میں ایک طالبہ نے کہا کہ میں خوشی سے رو رہی ہوں کہ مجھے آپ سے ملنا تھا۔دوسروں کی تنقید کا برا نہیں ماننا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں سے محبت کا رشتہ جوڑا،جو گلے لگ کر رونا چاہتے ہیں کیونکہ لوگ مجھے اپنا سمجھتے ہیں۔یہ جو محبت کا سلسلہ ہے دراصل دلوں پر حکومت کی بات ہے۔پیار کا رشتہ ہے،بچوں سے پیار کے رشتے کو بے جا تنقید کرنے والے نہیں سمجھ سکتے۔بچوں سے کہتی ہوں کہ پیار کا جواب پہلے سے بڑھ کر دوں گی۔لوگ بچوں کا پیار دیکھ کر پریشان ہیں کہ مریم نوازکیسے اتنی محبتیں سمیٹ رہی ہے کیونکہ یہ اللہ کا کرم ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ یہاں لوگوں کو سٹیج سے نیچے پھینکا جاتا تھا، کہنیاں ماری جاتی تھیں،دھکے دیئے جاتے تھے لیکن اب ایسے نہیں ہوتا۔عوام کی محبت مریم نوازکا اثاثہ ہے۔تنقید کرنیوالوں سے گھبرانا نہیں۔،دل چھوٹا نہیں کرنا،کامیابی حاصل کرنے کیلئے آگ کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے،جیلیں کاٹنی پرتی ہیں۔بچوں سے کہتی ہوں کہ دل چھوٹا نہیں کرنا محنت کرنی ہے دنیا آپ کے قدموں میں ہوگی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صرف اٹک میں 850کلو میٹر سڑکیں بن چکی ہیں۔سب جانتے ہیں کہ یہاں گرین بسیں کس نے چلائیں،بس سٹینڈ کس نے بنائے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکول آف ایمننس بن رہے ہیں،سکولوں کا معیار بلند ہورہا ہے۔ہسپتالوں میں دوائیاں مفت مل رہی ہیں،فری علاج ہورہا ہے۔پنجاب میں اڑھائی لاکھ گھر بنانے کیلئے لون مل چکے ہیں۔ریٹائرڈ صوبیدار نے بتایا کہ پلاٹ تھا لیکن گھر بنانے کیلئے پیسے نہیں تھے،15لاکھ لے کر اپنی چھت بنا لی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چند سال پہلے اٹک آتے تھے توشہر کم گاؤں زیادہ لگتا تھا۔پہلے کسی نے توجہ نہیں دی اب اٹک میں بہت خوبصورت بازار بن چکا ہے۔اٹک کے بازار میں عوام سے اتنی محبت ملی کہ گاڑی کا گزرنا ہی مشکل ہوگیا،پولیس نے مشکل سے راستہ بنایا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اٹک شہر زیادہ بارشوں میں ڈوب جاتا تھا اب اربوں روپے کے سیوریج اورڈرینج کے کام ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم اٹک کی کامسٹ یونیورسٹی آمد، ہونہار سکالرشپ سکیم اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں شرکت کی۔ لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ تقسیم تقریب میں صوابی،خیبرپختونخوا کے طلبہ بھی پہنچ گئے۔ خیبرپختونخوا میں 3600 طلبہ کو پنجاب حکومت کی طرف سے ہونہار سکالر شپ دیا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا کے طلبہ نے وزیراعلیٰ مریم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک سمسٹر کی فیس دولاکھ کے لگ بھگ جو سکالرشپ سے ممکن ہوئی۔ وزیراعلیٰ کو طلبہ نے تحائف پورٹریٹ اور سکچ پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر اور دیگر رہنماؤں سے نشستوں پر جاکر مزاج پرسی کی۔