اسلام آباد ( طاہر خلیل،عاطف شیرازی ، اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت ایل پی جی کی درآمد، قیمتوں کے تعین اور تقسیم کیلئے نیا شفاف طریقہ کار متعارف کرا رہی ہے جسکے تحت مستحق صارفین کو رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کرنے کیلئے خصوصی فنڈز قائم کیے جائینگے جبکہ مقامی ایل پی جی کی پانچ اور دس ٹن کے حساب سے نیلامی کی جائے گی،سرکاری کمپنیاں عالمی مارکیٹ سے بلک بنیادوں پر ایل پی جی درآمد کریں گی،ایل پی جی سیکٹر میں اجارہ داری کے خاتمے اور مسابقت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پہلی مرتبہ آئل ریفائنریوں کا منافع عوام کو منتقل کیا گیا،اہل صارفین کو 300 سے 400 روپے فی کلو کے رعایتی نرخوں پر ایل پی جی فراہم کرنے یا فی کلو 50 روپے سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کیلئے ریفائنریز کے ساتھ مل کر اقدامات کیےجسکے بعد عالمی مارکیٹ میں کچھ نرمی آئی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایل پی جی کی سالانہ طلب تقریباً 24 لاکھ ٹن جبکہ روزانہ کھپت 6,500 سے 7,000 ٹن ہے۔ ملک میں مقامی پیداوار تقریباً 2,000 سے 2,500 ٹن یومیہ ہے اور باقی ضرورت درآمدات کے ذریعے پوری کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی آرامکو کا کنٹریکٹ پرائس (سی پی) مارچ میں 540 ڈالر فی ٹن تھا جو حالیہ عرصے میں بڑھ کر 756 ڈالر فی ٹن ہو گیا ہے۔ اوگرا اسی عالمی قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں ردوبدل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سپاٹ مارکیٹ میں سعودی سی پی کے علاوہ 300 سے 400 ڈالر فی ٹن تک پریمیم بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ فریٹ اور دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ سے آنے والی ایل پی جی کی قیمت تقریباً 450 سے 500 روپے فی کلو تک بن سکتی ہے، حکومت قیمتوں کے تعین میں شفافیت کیلئے سعودی آرامکو سی پی، پریمیم، فریٹ اور دیگر اخراجات کی تفصیلات متعلقہ سرکاری کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ماہانہ بنیادوں پر جاری کرے گی۔ انہوں نے نجی شعبے کو بھی درآمدات کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی نجی درآمد کنندہ سرکاری کمپنیوں سے کم قیمت پر ایل پی جی فراہم کر سکتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پارکو پرل گیس کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایل پی جی کی تقسیم کیلئے پانچ اور دس ٹن کی مقدار میں نیلامی کی جائے گی اور نیلامی کے نتائج بھی شائع کیے جائیں گے۔ اس عمل کی نگرانی سیکرٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور متعلقہ کمپنیوں کے بورڈز کریں گے جبکہ ایل پی جی اوگرا کے لائسنس یافتہ تقسیم کاروں میں فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل اور دور درازعلاقوں کیلئے ایل پی جی پالیسی کےتحت مختص 10 فیصد کوٹے پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔ سرکاری کمپنیاں مقامی پروڈیوسرز سے یہ کوٹہ حاصل کریں گی اور صوبوں کے چیف سیکرٹریز سے مشاورت کے بعد ان اضلاع کا تعین کیا جائے گا جہاں اس سہولت کی ضرورت ہےتاکہ ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نےبتایا کہ نیلامی میں پروڈیوسر کی ایف او بی قیمت سے زائدحاصل ہونے والی رقم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ اور وَلنریبل پروٹیکشن فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔ حکومت وزارت توانائی، صوبوں اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے مستحق صارفین کیلئے اہلیت کا معیار طے کریگی۔ وزیراعظم کی منظوری سے ایسے صارفین کیلئے رعایتی قیمت مقرر کی جا سکے گی۔