مڈٹرم انتخابات میں اتنی شدت، ’’امریکی تقسیم ‘‘کبھی نہیں دیکھی گئی

04 نومبر ، 2026

نیویارک (ایم عظیم میاں) امریکا بھر میں جاری مڈ ٹرم انتخابات کے موقع پر سیاسی سرگرمیاں اور ووٹرز کا تحرک عروج پر رہا۔امریکی تاریخ کے کسی بھی مڈ ٹرم الیکشن میں پارٹی بنیادوں پر اتنی شدّت، عوامی بیداری اور واضح ’’امریکی تقسیم‘‘ پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔مشی گن میں مسلم ووٹرز کا ردعمل اور اسلاموفوبیا کا فیکٹر رہا،ریاست مشی گن میں سینیٹ کا معرکہ انتہائی حساس اور اہم شکل اختیار کر گیا ہے،عرب نژاد سینیٹ امیدوار ڈاکٹر السید کو عوامی سطح پر اہم برتری حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔پچھلے انتخابات میں مسلم ووٹرز نے امن اور جنگ بندی کے وعدے پر صدر ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا، تاہم اس مرتبہ ٹرمپ کی مبینہ وعدہ خلافی پر مسلم برادری میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔سینیٹ کی اس جنگ میں صیہونی اور چرچ لابیاں انتہائی فعال ہیں اور مشی گن میں شدید ترین اسلاموفوبیا مہم کا سامنا ہے۔مالی وسائل کے لحاظ سے ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کو نمایاں فوقیت حاصل ہے، جن کی مہم پر تقریباً 90 ملین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں، جبکہ ڈاکٹر السید کا بجٹ اس کے ایک تہائی سے بھی کم ہے، تاہم انہیں عوامی حمایت حاصل ہے۔ واشنگٹن کی نواحی ریاست ورجینیا کی اہم ترین کاؤنٹی فیئر فیکس میں امریکی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان (کانگریس) کی نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں ووٹرز کی بڑی تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہی ہے۔واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی غیرا علانیہ سرگرمیاں،ذرائع کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت واشنگٹن میں موجود تھے، تاہم ان کا کوئی باضابطہ سرکاری شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ وہ محض نجی ملاقاتوں، پیغامات اور انتخابی رابطوں میں مصروف رہے۔ چونکہ صدر ٹرمپ بذاتِ خود اس الیکشن میں امیدوار نہیں ہیں، اس لیے ان پر انتخابی ضوابط کی وہ پابندیاں لاگو نہیں ہوتیں جو عام امیدواروں پر ہوتی ہیں۔فیئر فیکس کاؤنٹی میں ریکارڈ پولنگ اور ووٹر ٹرن آؤٹ ہوئی، فیئر فیکس کاؤنٹی میں، جہاں امریکی نژاد افراد کے ساتھ ساتھ امیگرینٹس کی بڑی تعداد آباد ہے، وہاں پولنگ سے قبل ہی ’’ارلی ووٹنگ‘‘ اور بذریعہ میل (Postal Ballots) تقریباً 16 لاکھ افراد اپنے ووٹ کاسٹ کر چکے تھے۔ اگرچہ اس کاؤنٹی میں ریپبلکنز کے حامی موجود ہیں، لیکن عددی اعتبار سے ڈیموکریٹک پارٹی کی پوزیشن مضبوط دکھائی دیتی ہے۔امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے شدید مقابلہ جاری ہے۔