سلامتی کونسل کی طالبان انٹیلی جنس چیف کو علاج کیلئے یواے ای جانے کی اجازت

04 نومبر ، 2026

نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان کے محکمہ انٹیلیجنس کے سربراہ ملا عبدالحق واثق کو طبی علاج کے لئےمتحدہ عرب امارات جانے کی خصوصی اجازت دے دی ۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کی 1988 پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے 19 اکتوبر 2026 کو ملا عبدالحق واثق کے سفری پابندی سے استثنا کی منظوری دی تھی۔ اس اجازت کے تحت وہ 20 اکتوبر سے تین نومبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کا دورہ کر سکتے ہیں۔سلامتی کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق یہ اجازت طبی وجوہات کی بنا پر دی گئی ہے۔ملا عبدالحق واثق سمیت طالبان کے کئی عہدیدار اقوام متحدہ کی 1988 پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان پابندیوں میں سفری پابندی، اثاثے منجمد کرنا اور اسلحے کی فراہمی پر پابندیاں شامل ہیں۔دوسری جانب برطانیہ میں قائم خبر رساں ادارے افغانستان انٹرنیشنل نے رپورٹ کیا ہے کہ ملا عبدالحق واثق نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد ترکی کا بھی سفر کیا ہے۔