سیاست میں مطانت اور روادی،الزامات لگانا مناسب نہیں،مصدق ملک

04 نومبر ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سیاست میں مطانت اور روادی کا رواج رہا ہے اس طرح کے الزامات لگانا مناسب نہیں ۔ رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے محمود خان اچکزئی کو خط لکھا گیا ہے وہ تحریک انصاف سے مشاورت کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی جمعیت علمائے اسلام شاہدہ اختر علی نے کہا کہ جب تک ثبوت نہ ہو الزام ، الزام ہی رہتا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میرنے اپنے تجزیئے میں کہا کہ ایک دن الزام دوسرے دن گلے لگانے کو منافقت کہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ حکومت ایک طرف کہتی ہے کہ تحریک انصاف سے اگر مذاکرات کرنے ہیں تو کس سے کریں چونکہ ان کے آپس میں بہت اختلافات ہیں ۔ دوسری طرف وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ شواہد نہیں ہیں تاہم پنجاب میں کرپشن سے الماریاں بھری پڑی ہیں۔ الزام ضرور لگائیں لیکن اس کا ٹھوس ثبوت ضرور لے کر آئیں یہ نہیں ہونا چاہئے ایک دن الزام لگایا دوسرے دن مسکراتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگالیں اس کو منافقت کہتے ہیں۔ ۔حکومت اور تحریک انصاف کے تعلقات پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ تمام باتیں پہلے بھی طے ہوچکی تھیں اور یہ معاملہ اس نہج تک لانے کی ضرورت نہیں تھی اگر انیس بیس کا فرق رہ بھی گیا تھا تو وہ بھی آسانی سے طے ہوسکتا تھا۔ ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے کہا کہ اگر عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ پہلے شروع کردیا جاتا تو پاکستان جن حالات میں گھیرا ہوا ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگا ہے اور چھبیسویں ستائیسویں ترامیم کے معاملات بہتر انداز میں ایڈریس ہوسکتے تھے لیکن عمران خان کا خوف انہیں لے ڈوبا ہے اور بدقسمتی جو فیصلے حکومت کی طرف سے کئے گئے اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ ان سارے حالات میں انتخابی اصلاحات کے لئے محمود خان اچکزئی کو خط لکھا گیا ہے وہ تحریک انصاف سے مشاورت کریں گے ہم اپنی رائے دیں گے پھر آگے بڑھا جائے گا۔ ہم سیاسی جماعت ہیں ڈائیلاگ پر اعتماد رکھتے ہیں اور پاکستان میں استحکام چاہتے ہیں۔۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ کرپشن کا الزام ایک سنگین الزام ہے، جس کے سیاسی اور قانونی نتائج بھی برآمد ہوتے ہیں۔اس لئے ضروری ہے کہ کسی سے متعلق ایسی بات بغیر ثبوت و شواہد کے نہ کی جائے۔ ہمارے معاشرے میں کرپشن ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔ہم کوشش کرتے ہیں اس میں کمی لائی جائے اور اس حوالے سے ہم نے مختلف کوششیں کی ہیں کہیں کامیاب رہے ہیں کہیں ناکام رہے ہیں ہر طرف اثر رسوخ کی جنگ موجود رہتی ہے ۔تاہم جب آپ کسی شخص یا حکومت پر الزام لگاتے ہیں کہ یہ کرپشن کر رہے ہیں پھر تو ثبوت لازم آجاتا ہے۔ سیاست میں مطانت اور روادی کا رواج رہا ہے اس طرح کے الزامات لگانا مناسب نہیں ہے۔۔ رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے کہا کہ مریم نواز کی ناک کے نیچے کرپشن کے بازار کھلے ہوئے ہیں ۔