اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعات 4 بی اور 4 سی کے تحت عائد سپر ٹیکس کو آئینی قرار دینے کے اپنے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ٹیکس دہندگان، وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ وفاقی آئینی عدالت نے اپنے 244 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعات 4 بی اور 4 سی کے تحت عائد سپر ٹیکس کو آئین کے مطابق قرار دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ مقننہ کو ٹیکس قوانین ماضی اور مستقبل دونوں تاریخوں سے نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ پارلیمنٹ کو ٹیکس کے تعین کا خصوصی اختیار حاصل ہے اور عدالتوں کا کردار قانون کی تشریح تک محدود ہے۔نظرثانی درخواستوں کی سماعت کے دوران سینئر وکیل راشد انور نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ منافعِ حصص اور برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدن کو سپر ٹیکس کے دائرہ کار سے خارج کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے سابقہ فیصلے میں ٹیکس سے متعلق آئینی دفعات کی تشریح میں بنیادی غلطی کی گئی ہے۔ جبکہ خالد جاوید خان نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے سپر ٹیکس کو غیر متوقع منافع پر عائد ٹیکس (ونڈ فال ٹیکس) کے طور پر درست طور پر نہیں سمجھا۔ ایف بی آر کی جانب سے اسماء حمید نے نظرثانی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار دراصل سپر ٹیکس سے متعلق پہلے سے طے شدہ اپیلوں کی دوبارہ سماعت چاہتے ہیں، جن کا فیصلہ عدالت 27 جنوری 2026ء کو تفصیلی وجوہات کے ساتھ کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی درخواست میں ایسی واضح غلطی کی نشاندہی نہیں کی گئی جو دلائل کے بغیر سامنے آ سکے۔ محض اس بنیاد پر بھی نظرثانی نہیں کی جا سکتی کہ کسی آئینی یا قانونی شق کی ایک دوسری تشریح بھی ممکن ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔