اسلام آباد ( طاہر خلیل ، نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر )بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، ضلع کچھی کے علاقے سنی میں دہشتگردوں کی سڑک بند کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،کارروائی میں 10دہشتگرد مارے گئے،ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا،کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج ہلاک ہوگئے،صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، دہشتگردوں نے شہر میں سڑک بند کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی،اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ادھرصدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابلِ تحسین ہے،انہوں نے شہید سپاہی حکمت اللّہ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ،وزیراعظم شہباز شریف نےصوبہء بلوچستان کے اضلاع، کچھی اور خاران میں بھارتی حمایت یافتہ فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کی پذیرائی کی ہے، انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا،ی انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ نے وطن کی خاطر جان قربان کرکے اعلی مثال قائم کی، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔