ٹیکساس ( راجہ زاہد اختر خانزادہ) مبصرین کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ ہے،سرخ ریاست نیلی ہونے کے دہانے پر سیاست بھی سٹے بازوں کے نشانے پر ہے جبکہ گورنر ایبٹ بھی شدید دباؤ میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ریاست ٹیکساس جہاں 1994 کے بعد سے کوئی ڈیموکریٹ ریاستی سطح کا انتخاب نہیں جیت سکا اور جو 1980 سے ہر صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کا ساتھ دیتا آیا ہے، اس بار ایک بڑی سیاسی تبدیلی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ تین نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل کے سرویز ظاہر کرتے ہیں کہ تین دہائیوں سے سرخ چلی آنے والی یہ ریاست جزوی یا مکمل طور پر نیلی ہوسکتی ہے۔مبصرین اس تبدیلی کی بڑی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں، خصوصاً امیگریشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور معاشی دباؤ، کو قرار دیتے ہیں۔ 2024 میں ٹیکساس کے ہسپانوی ووٹرز نے ٹرمپ کو تقریباً 10 پوائنٹس کی برتری دی تھی، مگر اب یہ رجحان الٹ چکا ہے کک پولیٹیکل رپورٹ اور ٹیلی ویسا یونی وژن کے تازہ سروے میں ہسپانوی ووٹرز نے سینیٹ کے لئے ٹیلاریکو کو 63 کے مقابلے میں 30 فیصد اور گورنر کے لئے ہینوہوزا کو 60 کے مقابلے میں 33 فیصد حمایت دی۔ اسی سروے میں ہسپانوی ووٹرز میں ٹرمپ کی پذیرائی 33 فیصد رہ گئی، جبکہ تقریباً دو تہائی نے کہا کہ وہ ڈی پورٹیشن پالیسی کے حامی امیدوار کو ووٹ دینے سے گریز کریں گے اسی رجحان کے باعث امریکی سینیٹ کی نشست ری پبلکنز کے ہاتھ سے نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔ ریئل کلیئر پولنگ کے اوسط میں ڈیموکریٹ جیمز ٹیلاریکو 49 اور ری پبلکن کین پیکسٹن 46.5 فیصد پر ہیں۔ نیویارک ٹائمز/سیئنا کے سروے میں ٹیلاریکو 50 کے مقابلے میں 43 سے آگے ہیں، تاہم ٹریفلگر گروپ کے سروے میں دونوں 48، 48 فیصد پر برابر ہیں۔گورنر کی نشست پر بھی ری پبلکنز کو لالے پڑے ہوئے ہیں۔ گورنر گریگ ایبٹ کے پاس بے پناہ وسائل اور اثر و رسوخ ہے؛ ریاستی ریکارڈ کے مطابق اگست تک ان کی انتخابی کمیٹی ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کر چکی تھی اور اس کے پاس ساڑھے چھ کروڑ ڈالر سے زائد نقد موجود تھی، جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوہوزا کا خرچ چالیس لاکھ ڈالر سے بھی کم تھا۔ اس کے باوجود ریئل کلیئر پولنگ کے اوسط میں ایبٹ صرف 2.3 پوائنٹس (49.7 بمقابلہ 47.4) آگے ہیں، اور نیویارک ٹائمز/سیئنا اور ایٹلس انٹیل کے سرویز میں ہینوہوزا ایک پوائنٹ سے آگے ہیںفیصلہ کن عنصر ووٹروں کا ٹرن آؤٹ ہوگا ہسپانوی اور نوجوان ووٹرز روایتی طور پر وسط مدتی انتخابات میں کم نکلتے ہیں۔ اگر آج ہسپانوی اور تارکینِ وطن پس منظر رکھنے والی دیگر کمیونٹیز کے شہری بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلے تو ٹیکساس تقریباً تین دہائیوں بعد نیلی ریاست میں بدل سکتا ہے۔دوسری جانب انہی نتائج پر سٹے بازی بھی عروج پر ہے۔ کیلشی (Kalshi) اور پولی مارکیٹ (Polymarket) کی پانچ اہم انتخابی مارکیٹس میں تقریباً 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے کنٹریکٹس کی خرید و فروخت ہوئی۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں کے توازن پر تقریباً 16 کروڑ 64 لاکھ، ایوانِ نمائندگان کے کنٹرول پر تقریباً 15 کروڑ اور سینیٹ کے کنٹرول پر پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کا سٹہ لگایا گیا ہے۔ صرف ٹیکساس کی دو دوڑوں پر تقریباً 11 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کی سٹے بازی ہوئی، سینیٹ کے مقابلے پر 9 کروڑ 20 لاکھ اور گورنر کے مقابلے پر ایک کروڑ 98 لاکھ ڈالر۔اس ضمن میں مارکیٹ کا رجحان بھی ڈیموکریٹس کی جانب ہے۔ کیلشی پر ٹیلاریکو کی کامیابی کا کنٹریکٹ تقریباً 74 سینٹ اور پیکسٹن کا 27 سینٹ میں بک رہا ہے۔ گورنر کے مقابلے میں ایبٹ کی کامیابی کا مارکیٹ امکان 66 سے گھٹ کر 59 سے 62 فیصد جبکہ ہینوہوزا کا 34 سے بڑھ کر 38 سے 41 فیصد ہو گیا۔ قومی سطح پر کیلشی نے ایوانِ نمائندگان پر ڈیموکریٹس کے کنٹرول کا امکان تقریباً 93 اور سینیٹ پر 76 فیصد ظاہر کیا تاہم مارکیٹ کا امکان ووٹوں کا تناسب نہیں، بلکہ خریداروں اور فروخت کنندگان کی توقعات سے بننے والی قیمت ہے جو کسی بھی وقت بدل سکتا ہے یہ کروڑوں ڈالر مجموعی تجارتی حجم ہیں، جس میں ایک ہی کنٹریکٹ کی بار بار فروخت بھی شامل ہے، ایک ہی وقت میں داؤ پر لگی نقد رقم نہیں۔ کیلشی امریکی کموڈٹی فیوچرز ٹریڈنگ کمیشن کی نگرانی میں کام کرتا ہے۔ حامیوں کے مطابق یہ مارکیٹس انتخابی صورتحال کے اضافی اشارے دیتی ہیں، جبکہ ناقدین کو خدشہ ہے کہ انتخابات پر داؤ لگانے کا رجحان جمہوری عمل کو نفع و نقصان کے کھیل میں بدل سکتا ہے۔ آج تین نومبر کو ووٹرز نمائندوں کا فیصلہ کریں گے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ کروڑوں ڈالر کے داؤ لگانے والے سٹے بازوں کی قسمت کا فیصلہ بھی آج ہی ہو جائے گا۔