جی ایس پی پلس : یورپی یونین کے تحفظات، پاکستان کی پوزیشن خطرے میں

04 نومبر ، 2026

اسلام آباد(مہتاب حیدر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین سید نوید قمر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپی یونین (ای یو) کی تازہ ترین رپورٹ میں اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کا اگلا مرحلہ مشکلات کا شکار ہوسکتا ہے، تاہم وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ پوزیشن 2028ء کی عبوری مدت تک محفوظ ہے اور موجودہ جی ایس پی پلس کی مدت ختم ہونے کے بعد اگلے مرحلے کے لیے درخواست دی جائے گی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں فکسڈ ٹیکس اسکیم کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، جس کے تحت ملک بھر کے تقریباً 37 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف حاصل نہیں ہوسکا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اعتراف کیا کہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت دکانداروں کی رجسٹریشن کا ردعمل حکومت کی توقعات کے مطابق نہیں رہا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تاجروں اور کاروباری تنظیموں کی مشاورت سے اسکیم تیار کرتے ہوئے دکانداروں کے تحفظات دور کیے تھے، تاہم اس کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابتدا میں ریٹیلرز کو معمول کے ٹیکس نظام کے تحت رجسٹریشن کا اختیار دیا تھا، جبکہ آسان ٹیکس اسکیم کو ٹیکس نیٹ میں شمولیت کے لیے ایک اضافی سہولت کے طور پر متعارف کرایا گیا۔ بعض دکانداروں نے اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی، تاہم باقی رہ جانے والوں کے خلاف اب نفاذ کی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے بھی شامل ہوں گے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ٹیکس قوانین پر عمل نہ کرنے کا کلچر فروغ پا چکا ہے اور متعدد ریٹیلرز کو خدشہ ہے کہ ایف بی آر میں رجسٹریشن کے بعد انہیں غیرضروری پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیر مملکت نے بتایا کہ ریٹیلرز کی شناخت کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے کمرشل میٹروں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 37 لاکھ ریٹیلرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم متعارف کراتے وقت جرمانوں کا تعین بھی کردیا گیا تھا، تاہم حکومت پہلے مجوزہ انفورسمنٹ پلان قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں غیررجسٹرڈ دکانداروں کے خلاف کارروائی کا مکمل طریقہ کار چند روز میں کمیٹی کو فراہم کردیا جائے گا اور حتمی منصوبہ وزیراعظم کو بھی پیش کیا جائے گا۔چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے اسکیم کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو توقع تھی کہ تقریباً 80 فیصد ریٹیلرز رجسٹریشن کرائیں گے، لیکن اگر 20 فیصد بھی رجسٹرڈ نہیں ہوئے تو حکومت عملاً وہیں کھڑی ہوگی جہاں سے اس نے آغاز کیا تھا۔کمیٹی کی رکن اور پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے دوران قائمہ کمیٹی کو فکسڈ ٹیکس اسکیم پر بریفنگ دی تھی۔ انہوں نے پاکستان کی تین سرحدوں سے تجارتی سرگرمیاں بند ہونے پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا کہ ان پابندیوں کے ملکی مجموعی تجارت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔کمیٹی کے رکن جاوید حنیف خان نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر تجارت محدود کرنے کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور عسکری کشیدگی کے باوجود مختلف ممالک کے درمیان تجارت جاری رہتی ہے۔ انہوں نے چین اور تائیوان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان اختلافات کے باوجود دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 300 ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باوجود جاری تجارتی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ متعلقہ فورمز پر متبادل تجارتی ماڈلز پر غور کیوں نہیں کیا جارہا۔