مہنگائی ختم کرانی ہے، خود چھاپے مارونگا، چیف سیکرٹری بھی دورے کریں،وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز

14 مئی ، 2022

لاہور (خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مہنگائی ختم کرا نی ہے،خود چھاپے مارونگا،چیف سیکرٹری بھی دورے شروع کریں ، وزیراعلیٰ نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے خود اضلاع کے سرپرائز وزٹ کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلی ٰ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے متحرک ہوگئے چیف سیکرٹری کو بھی دوروں کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلی آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدار ت ماڈل ٹاؤن میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری صنعت نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے بارے بریفنگ دی۔ اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پارلیمنٹری افیئرزگروپ کااہم اجلاس ہوا،مسلم لیگ(ن) کے اتحادی عبدالعلیم خان، سیدحسن مرتضی،اسد کھوکھر،نعمان لنگڑیال اورمعاویہ اعظم نےبھی شرکت کی ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ مہنگائی کم کرنے کیلئے انتظامی ٹیم کوٹاسک دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اراکین اسمبلی بھی بازاروں اورمارکیٹوں کے دورے کریں۔ پنجاب حکومت جلدعوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی اقدامات کااعلان کرے گی۔ سردار اویس لغاری،منشاء اللہ بٹ،ندیم کامران،سمیع اللہ خان،چوہدری محمد اقبال،ذکیہ شاہنواز،خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی،رانامحمد اقبال،خلیل طاہر سندھو، میاں یاور زمان،ذیشان رفیق،چوہدری محمد شفیق،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان،سردار محمد ایوب خان گادھی اوردیگراراکین پنجاب اسمبلی بھی اس موقع پر موجودتھے- حمزہ شہباز نےیو اے ای کے صدرشیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں متحدہ عرب امارات کی حکومت اورعوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان مرحوم کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہوگیا ، مرحوم کی انسانیت کیلئے گراں قدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دریں اثناوزیراعلیٰ کی ہدایت پر چولستان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں - وزیراعلیٰ نےگوجرانوالہ کے قریب کوٹ لدھا میں ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع ،فیصل آباد کے سکول میں گرمی سے طالبہ کے جاں بحق ہونے اور ڈجکوٹ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سے رپورٹس طلب کر لی ہیں،وزیراعلیٰ نےکوٹ لکھپ میں قتل ہونیوالے ڈاکٹر فیاض کی بیوہ کو فون کرکےانصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، کراچی میں دھماکے کی مذمت کی اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔