عمران پر کرپشن کے کئی مقدمات ‘گرفتارکیاجاسکتاہے ‘رانا ثناء

14 مئی ، 2022

لندن(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے عمران خان کواسلام آباد آنے دینا ہے یا نہیں؟۔ عمران خان کے خلاف کرپشن کے کئی مقدمات ہیں ‘انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے‘عمران خان نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، نہ آئی ایم ایف ہاتھ پکڑا رہا ہے نہ کوئی اور ملک‘ نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا کہ عمران خان 20 لاکھ بندے نہیں لا سکتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجھ پر جو منشیات کا کیس ڈالا گیا اس کے لیے پہلے اسلام آباد پولیس سے رابطہ کیا گیا، اسلام آباد پولیس نے ایسا کیس بنانے سے انکار کر دیا، شہزاد اکبر نے کہا یہ عمران خان کا حکم ہے‘ عمران خان اس معاملے میں براہ راست ملوث تھا۔دریں اثناءرانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر روز فوجی قیادت کو دعوت دینے والے نے آج پالش اور برش اٹھالیا ہے ،ایک دن گالی، اگلے دن قوالی باس اور چپڑاسی کی سیاسی زندگی کی کل کہانی ہے‘اب الیکشن ہی ہوں گے، باس اور چپڑاسی اسی لئے پریشان ہیں ۔