سٹاک مارکیٹ میں تیزی : انڈیکس میں 588 پوائنٹ کا اضافہ

14 مئی ، 2022

لاہور(سودی) رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا سوا دو سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مندے سے ہوا پھر پہلے سیشن کے دوران اتار چڑھائو جاری رہا جبکہ دوسرے سیشن میں بھاری خریداری آنے سے مارکیٹ میں تیزی پیدا ہو گئی اس دوران انڈیکس میں 45پوائنٹ کی کمی بھی ہوئی اور 608پوائنٹ کا اضافہ بھی، تیزی کے دوران متعدد مرتبہ سیل کا پریشر بھی آیا اور پرافٹ ٹیکنگ بھی مگر جذب ہوتی رہی۔ مارکیٹ میں تیزی کی وجہ کافی روز کے بعد میوچل فنڈز کا سیل کا پریشر ختم ہو کر ان کا خریداری میں آ جانا تھی اور پھر بینکوں نے بھی اسے سپورٹ دی جبکہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں غیر معمولی اضافہ، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیش رفت کی خبریں اور بعض کمپنیوں کی طرف سے آنے والے مثبت اعلانات بھی باعث بنے اسی طرح نجی سرمایہ کاروں کی پینک سیل اور بدلہ والوں کی فورس سیل ختم ہونا بھی بہتری کا باعث تھا جبکہ منفی عناصر میں سیاسی ہلچل، پی ٹی آئی کی طرف سے لانگ مارچ کا اعلان، زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر میں کمی شامل تھے۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، میوچل فنڈز اور کمپنیوں کی نیٹ خریداری تھی کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 588پوائنٹ کے اضافہ سے 43486پر آ گیا، 236کمپنیوں میں اضافہ، 87میں کمی اور 20میں استحکام رہا۔ 20کروڑ 81لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔