قانون میں گنجائش موجود، نواز شریف آئندہ الیکشن سے پہلےواپس آجائیں گے، وفاقی وزیر قانون

14 مئی ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ، وقائع نگار خصوصی ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف آئندہ الیکشن سے پہلے پاکستان واپس آجائیں گے، قبل ازوقت الیکشن مشاورت سے ہوگا ،خزانے کی صورت ٹھیک نہیں ،جلد اچھی خبر ملے گی ،قانون میں گنجائش ہے، وزیراعظم کیسز کا عدالتوں میں سامنا کریں گے ۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا قبل ازوقت الیکشن اتحادیوں کی مشاورت کے ساتھ کروایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے بھی عام انتخابات کروانے کے لیے چھ سات ماہ کا وقت مانگا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ لندن میں بڑی اہم ملاقات ہوئی ہے کیا آئندہ الیکشن سے قبل نواز شریف وطن واپس آجائیں گے؟ جس پر وزیر قانون نے کہا انشا اللہ نواز شریف آئندہ الیکشن سے پہلے پاکستان ضرور آئیں گے۔ قانون میں گنجائش موجود ہے،ابھی انکی صحت کے مسائل ہیں۔ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے بارے میں ووزیرقانون نے کہا کل ایک جھوٹی خبر چلائی گئی کہ ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم کارروائی نہیں کرنا چاہتی ، وزیراعظم شہبازشریف نے مجھے خاص طور پر کہا ہے کہ خواہ کیس جھوٹے ہیں لیکن ہم عدالتوں میں ان کا سامنا کریں گے اور انشا اللہ ہم میرٹ پربری ہو ں گے ۔ کسی قسم کا کوئی دبا ؤ ڈالا جا رہا ہے اور نہ ڈالا جائے گا۔وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے استقبالیہ میں بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پیغام ہے کہ چاہے جتنے بھی جھوٹے مقدمے ہوں وہ انکا قانونی طور پر دفاع کریں گے اور میرٹ پر سرخرو ہونگے۔