محبوب کو قدموں میں لانے کا جھانسہ دینے والے 3جعلی عامل گرفتار

14 مئی ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان نے جعلی عاملوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین جعلی پیروں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم افسر ذیشان حبیب نے ٹیم کے ہمراہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی ۔ مقدمہ میں الزام کیا گیا ہے کہ ملزمان سوشل میڈیا ، یوٹیوب اور بینرز کے ذریعے محبوب کو قدموں میں لانے کا جھانسہ دیکر فراڈ کرتے تھے، جعلی پیر خواتین کو جھانسہ دیکر انکی نازیبا تصاویر بنا کر بلیک میل بھی کرتے تھے۔ گرفتار جعلی عاملوں میں محمد شہباز ، نوید اور عابد حسین شامل ہیں ۔پولیس تھانہ مظفرآباد نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب مشتاقی گینگ کے 2 ارکان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔گرفتار ملزمان میں مزمل اور عبد الرحیم شامل ہیں جن کے قبضے سے4 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ جس میں 2 موٹر سائیکلیں اور 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی شامل ہے برآمد کر لیے۔گرفتار ملزمان سے موٹر سائیکل چوری کے 8 مقدمات ٹریس ہوئے، دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔ گارڈن ٹاؤن میں شہریوں نے رات گئے ایک چور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، چور کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے، چور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔کینٹ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ۔تھانہ ممتاز آباد کے علاقے اقراء ٹاؤن مدرسہ مدینہ میں داخل ہو کر مہتمم کے گھر سے گن پوائنٹ پر 19 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے والے 02 ملزمان گرفتار کرلیاگیا۔