امریکا میں کورونا وائرس سے 10؍ لاکھ ہلاکتیں، وجہ سست رد عمل، سیاسی قیادت کی ناکامی اور بڑھتی قوم پرستی

14 مئی ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا میں کورونا وائرس کی وجہ سے دس لاکھ افراد کی ہلاکت کے بعد وائٹ ہائوس پر امریکی پرچم سر نگوں کرنے کا اعلان صدر بائیڈن نے کیا لیکن اس وقت امریکا میں اور دنیا بھر میں لوگ حیران ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی طاقت سمجھا جانے والے ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے اتنا بڑا نقصان کیسے ہوگیا؟ مبصرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی دنوں میں سست رد عمل، ہر سطح پر سیاسی قیادت کی ناکامی، قوم پرستی میں اضافے، دانشمندی کیخلاف اٹھنے والی آوازوں کی وجہ سے امریکا میں تباہ کن جانی نقصان ہوا ہے اور اس سے ملک کی ناکامیاں بھی کھل کر سامنے آئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا میں دس لاکھ افراد کی ہلاکتوں سے ملک ایک تباہ کن سنگ میل کو عبور کر رہا ہے اور ملک میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی ہر موت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ امریکا میں وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت 21؍ جنوری 2020ء کو ہوئی تھی لیکن صرف 27؍ ماہ کے قلیل عرصہ میں ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ ہوگئی جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ جمعہ کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں نیشنل کیتھڈرل (چرچ) نے ہلاک شدگان کی یاد میں ایک ہزار مرتبہ گھنٹی بجائی۔