میثاق معیشت واحد حل، بصورت دیگر پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے، قیصر شیخ

14 مئی ، 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی قیصر شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میثاق معیشت واحد حل ہے بصورت دیگر پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ منتخب ایم این ایز میں سے کسی کو وزیر خزانہ کیوں نہیں بنایا جاسکتا؟ تفصیلات کے مطابق، ن لیگ رہنماء قیصر شیخ نے غیرمنتخب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معاشی محاذ پر درپیش مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک بحرانی صورت حال کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں خانہ جنگی کے خطرات ہیں۔ نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ڈالر اب 193.50 روپے کا ہوچکا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں بھی تقریر کی تھی لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ن لیگ کی موجودہ قیادت پر تنقید نہیں کررہے۔