ضلع کچہری مظفرگڑھ میں مسلح افراد کا دھاوا، وکیل کو اغواء کرلیا

14 مئی ، 2022

خان گڑھ (نامہ نگار) ضلع کچہری مظفرگڑھ میں درجن بھر مسلح افراد کا دھاوا، مارکٹائی کے بعد نوجوان وکیل کو بھرے چیمبر سے اسلحہ کے زور پر اغواء کر لیا۔ اطلاع ملنے پر صدر بار اور وکلاء نے پیچھا کیا تو ملزمان مغوی وکیل کو کار سمیت جھنگ روڈ پر چھوڑ کر بھاگ گئے۔ سٹی پولیس مظفرگڑھ نے مقدمہ درج کر کے کار قبضہ میں لے لی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مظفرگڑھ اور پنجاب وکلاء محاذ کا احتجاج، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ، تفصیل کے مطابق ضلع کچہری مظفرگڑھ میں یوسف رشید دستی ایڈووکیٹ اپنے چیمبر میں کلائنٹس کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک چیمبر کے باہر سامنے کار 5946 ایل ای اے اور سوزوکی مہران کار نمبر 198 اے این بی آ کر رکی، جس میں سے ملزمان عالمگیر چانڈیہ، بلال، صابر ببر، کاشف، عدنان، آصف ببر تین کس نامعلوم مسلح افراد اترے اور چیمبر میں داخل ہو کر وکیل یوسف رشید کو پکڑ لیا اور تشدد کیا، لڑائی جھگڑا شروع کر دیا۔ جس کو کار نمبر 5946 میں زبردستی ڈال کر اغواء کر لیا، اور اس سے 30 ہزار روپے چھین لئے، وکیل کو اغوا کر کے لے جاتے ہوئے مجاہد نواز ایڈووکیٹ، عرفات کلرک نے دیکھا تو انہوں نے شور مچایا اور وکلاء کو بتایا، جس پر صدر بار ملک جنید فاروق وجدانی ایڈووکیٹ اور سابق جنرل سیکرٹری بار، دبنگ وکیل رہنما ملک شفیق الرحمن ملانہ ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء نے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا، جس پر ملزمان مغوی وکیل کو کار سمیت جھنگ روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ون فائیو کال پر سٹی پولیس مظفرگڑھ بھی موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی قبضے میں لے کر مغوی وکیل کے بیان پر چھ نامزد اور دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔