اتائی نے غلط انجکشن لگا کر بچے کی جان لے لی،والدین کا احتجاج

14 مئی ، 2022

چوک سرورشہید (نامہ نگار)اتائی نے غلط انجکشن لگا کر معصوم بچے کی جان لے لی، بچے کے والدین کا احتجاجی مظاہرہ، پولیس تھانہ سرورشہید مصروف کارروائی، تفصیلات کے مطابق چک نمبر583/TDA کے محمد ساجد کے پونے دوسال کے بچے محمد ریحان کو ہلکا سا بخار ہوا وہ اس کی دوائی لینے کے لئے سید اڈہ پر اتائی ڈاکٹرکے کلینک پر لے گئے۔ اتائی نے بچے کو فوری انجکشن لگا دیا جس سے بچے کی حالت غیر ہوگئی اور بچہ تڑپنے لگا اور تڑپتے تڑپتے جاں بحق ہوگیا۔ اتائی ڈاکٹر بچے کی غیر حالت دیکھ کر کلینک چھوڑ کر وہاں سے بھاگ گیا۔محمدساجد اور اسکی بیوی بچے کو اٹھا کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کے قریب پرائیویٹ کلینک لائے وہاں موجود ڈاکٹر نے بچے کی موت کی تصدیق کردی ۔ پولیس تھانہ سرورشہید نے اتائی کے خلاف کارروائی کے لئے بچے کا پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ بھجوادیا۔ اتائی کے جانب سے بچہ کو غلط انجکشن لگا کر ہلاک کرنے کا واقعہ جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گیا۔ شہریوں عوامی سماجی حلقوں اور بچے کے والدین نے اتائی ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔