فلم ایم بی بی ایس کےمقصود بھائی نے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا

14 مئی ، 2022

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کی مقبول فلم منا بھائی ایم بی بی ایس میں مقصود بھائی کا مشہور کردار نبھانے والے سریندر راجن نے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا۔بولی وڈ کے تجربہ کار اداکار سریندر راجن جو آخری بار بچن پانڈے میں نظر آئے تھے، انہوں نے منا بھائی ایم بی بی ایس ، دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ، آر راج کمار، پھس گئے رے اوباما اور دھمال جیسی فلموں میں اپنے کام کے ذریعے پہچان بنائی ۔ اگرچہ 84سالہ سریندر راجن کافی عرصے سے فلموں سے دور ہیں اور اتراکھنڈ میں آباد ہیں لیکن انہوں نے ایک فلم کی شوٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے بقول ان کی آخری فلم ہے۔سریندر راجن کی آخری فلم ʼWHO I Mʼ کا رواں ماہ 24ویں یوکے ایشین فلم فیسٹیول ورلڈ پریمیئر ہوگا۔ 22سالہ ہدایت کار شریش کھیماریہ کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم دریائے نرمدا کے کنارے ایک چھوٹے سے قصبے میں ترتیب دی گئی ہے جس میں اداکار ششی ورما، پگلائٹ فیم ، چیتن شرما اور اداکارہ رشیکا چندانی بھی ہیں۔