اتحادیوں کا اجلاس آج طلب ،فوری انتخابات اور نگراں حکومت پر مشاورت ہوگی

16 مئی ، 2022

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے،فوری انتخابات اور نگراں حکومت پر مشاورت ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف ابوظہبی سے اتوار کی شام لاہور پہنچ گئے ۔ ذ رائع کے مطا بق موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا طیارہ اسلام آ باد لینڈ نہیں کرسکا۔ وزیر اعظم آج صبح اسلام آ باد پہنچ جائیں گے۔ ذ رائع کے مطابق مستقبل کی حکمت عملی کیلئے شہباز شریف نے آج اتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ شہباز شریف حکومتی مستقبل سے متعلق آپشنز اتحادی جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھیں گے، تمام اتحادی جماعتوں کی منظوری کے بعد ہی حکومت حتمی فیصلہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہوگی، وزیر اعظم کل کابینہ کو بھی ایم ایشوز پر اعتماد میں لیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا ایک دو دن میں قوم سے خطاب بھی متوقع ہے۔ وزیر اعظم ملک کی معاشی اور سیا سی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ایک تجویز یہ بھی ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کو بھی ملکی سلامتی پر اعتماد میں لیا جا ئے۔