عیسائی برادری یہودیوں کا اشتعال انگیز مارچ مسترد کرتی ہے،آرچ بشپ

31 مئی ، 2022

مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطین میں عیسائی برادری کے سرکردہ مذہبی رہنما،یونانی آرتھوڈوکس آرچ بشپ آف سیبسٹیا، آرچ بشپ عطا اللہ حنا نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز فلیگ مارچ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطین کی عیسائی برادری صہیونیوں کے اس اشتعال انگیز مارچ کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مسجد اقصی پر حملے نے تمام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا اور یہ کہ القدس ایک قابض ریاست کے مقبوضہ گڑھ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عیسائیوں کا تعلق القدس شہر سے ہے اور وہ اس کا دفاع کرتے ہیں ہم آباد کاروں کی دراندازی کو مسترد کرتے ہیں،مقبوضہ بیت المقدس فلسطینی قوم کا ہے اور یہ صہیونی آبادکاروں کا نہیں رہے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی پرچم بردار مارچ ایک اشتعال انگیز اور دشمنانہ مارچ ہے جو قابض ریاست کی کمزوری کی تصدیق کرتا ہے،اسرائیلی تسلط مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکے گا۔