گوجرانوالہ شہریوں نے اپنی عدالت لگا لی نوجوان کو چور سمجھ کر مار ڈالا

01 جون ، 2022

گوجرانوالہ، لاہور( نمائندہ جنگ، کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ کے علاقہ راہوالی روڈ پنڈی بائی پاس کے قریب شہریوں نے اپنی ہی عدالت لگالی، پٹرول بھروانے کیلئے پمپ پر آنے والے نوجوان کو مبینہ طور پر موٹرسائیکل چور سمجھ کرمارڈ ڈالا۔مشتعل افرادنے اس پر وحشیانہ تشدد کیا، پکڑ کر رسیوں سے جکڑا اور گاڑی سے باندھ کر مارتے رہے۔ پولیس نے تشدد کا نشانہ بنانے والے 14ملزمان کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔ جبکہ غفلت کا مظاہرہ برتنے پر اے ایس آئی سمیت 3پولیس اہلکاروں کو معطل کرکےانکےخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ آئی جی پنجاب رائو سرد ار علی نے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیکر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔منگل کے روز محلہ کریم پورہ گلہ کمہاراں والہ حافظ آباد روڈ کا رہائشی محمد اشرف جو کہ کباڑ کا کام کرتا تھا کو راہوالی روڈ نزد پنڈی بائی پاس پر وقاص عباس،مختار،اسد عرف ملنگ اور عقیل وغیرہ نے موٹرسائیکل چوری کا الزام لگا کر،مکوں،جوتوں اور آہنی راڈز سے مار مارکر لہولہان کیا۔شدید چوٹیں آنے سے مبینہ موٹرسائیکل چور بے ہوش ہوگیا۔کال چلتے ہی اے ایس آئی وحید اللہ،محمد انور،عمر حیات جو کہ سرکاری گاڑی پرموقع پر پہنچے۔جہاں پر مشتعل عوام مزدا گاڑی کیساتھ باندھ کر تشدد کا نشا نہ بنارہے تھے۔پولیس کی موجودگی میں بھی اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس مشتعل لوگوں سے زخمی کو حراست میں لیکر سول ہسپتال لیجانے کی بجائے تھانہ میں لے گئی جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران نے غفلت اورلا پروائی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او اروپ انسپکٹر گوہر عباس بھٹی کی مدعیت میں مذکورہ پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔جبکہ مقتول محمد اشرف سلطان کے بھائی شوکت سلطان کی مدعیت میں تشدد میں ملوث مذکورہ ملزمان سمیت 14افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر میں درج ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔سی پی او گوجرانوالہ کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتایاکہ شہریوں نے اشرف نامی شخص کو موٹر سائیکل چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ جاں بحق ہوا۔ جبکہ وقوعہ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔ سی پی او گوجرانوالہ نے بتایا کہ واقعہ میں غفلت اور لاپروائی برتنے پراے ایس آئی وحید اللہ سمیت تین ملازمین کو معطل کرکے انکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔بعدازاں سی پی او کیپٹن(ر) سید حماد عابد شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان اشرف کے گھر پہنچ گئے، سی پی او نے مقتول کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مقتول کے ایصال ثواب کے لئے دعائے خیر کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر صور ت انصاف فراہم کریں گے۔ مقتول اشرف کی غم سے نڈھال والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو ناحق قتل کیاگیا جن لوگوں نے میرے بیٹے پر جھوٹا الزام لگا کر مارڈالا ان کو پکڑکر سزادی جائے، اشرف کے بھائی نے کہا کہ میرے بھائی کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ اشرف کی ہمشیرہ نے کہا کہ میرے بھائی کے ساتھ ظلم کیاگیا انصاف دیاجائے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول اشرف کی تین بیٹیاں اور ایک کمسن بیٹا ہے ۔علاقے کے لوگوں نے مقتول کے کردار، طور و اطوار کی تعریف کی۔ ہلاک ہونے والے محنت کش محمد اشرف کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اسکی موٹرسائیکل میں پٹرول قریبی پٹرول پمپ کے قریب ختم ہوگیا اشرف موٹرسائیکل لیکر پمپ پر گیا اس دوران وہ اپنی موٹرسائیکل سے اترا اور پمپ سے پٹرول کا ریٹ پوچھا واپس آکر غلطی سے اس نے قریب کھڑی دوسری موٹرسائیکل کی ٹینکی کا ڈھکن کھولنے کی کوشش کی کہ پٹرول ڈلواسکے جس پر قریب کھڑے افراد نے اسے پکڑ لیا کہ تم موٹرسائیکل چوری کرنے لگے ہو اشرف چیخ چیخ کر کہنے لگا کہ میری موٹرسائیکل پہ کھڑی ہے غلطی سے میں دوسری موٹرسائیکل کہ ٹینکی کھولنے لگاتھا لیکن کسی نے اس کی بات نہ سنی اور سب اسے چور سمجھ کر تشدد کرنے لگے۔