حکومت غیرملکی دوروں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، شیخ رشید

01 جون ، 2022

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت غیرملکی دوروں میں اپنی کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے، پچھلے ڈیڑھ مہینے سے بلاول پاکستان سے باہر ہے، سازش سے آئی ہوئی حکومت لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتی،سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ مہنگائی اور بیروزگاری سیاسی طور پر ان کو لے ڈوبے گی، ثابت ہوگیا کہ یہ انٹرنشنل بھکاری ہیں جو وقت آنے پر اپنے کپڑے بیچنے کا دعوی کر رہے ہیں ،ان کے کپڑوں کا خیبر پختوانخواہ میں کوئی خریدار نہیں، مرکز اور صوبے میں ایک ووٹ کی اکثریت 22 کروڑ لوگوں کا مذاق اڑا رہی ہے ،ایک ووٹ کی اکثریت قائم رکھنے کیلئے آصف زرداری دربدر دھکے کھا رہا ہے، ساری دنیا کو پتہ ہے کہ بوٹ پالش کرنے والوں کی عوام میں کیا حیثیت ہے ،ایک نے اپنا بیٹا وزیرخارجہ لگایا ہوا ہے دوسرے نے وزیر اعلیٰ اور تیسرے نے وزیر مواصلات لگوا لیا ہے،لوگ دھکے کھا رہے ہیں اور لوڈشیڈنگ میں گزارا کر رہے ہیں،میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی خاطر سپریم کورٹ جا رہا ہوں ۔