ریٹرننگ آفیسرلاہور کا سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کے 30مئی کے تقرروتبادلےروکنے کا حکم

01 جون ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ریٹرننگ آفیسرلاہور نے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کے 30مئی کے تقرریوں و تبادلوں کے اعلامیہ کو روکنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے اعلان کے بعد متعلقہ حلقوں میں کسی بھی قسم کی تقرریوں و تبادلوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔ سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کے 30مئی کو جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز قصور اور لاہور کینٹ کے تقرریوں و تبادلوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر لاہور نے تقرریوں و تبادلوں کو فوری روکنے کیلئے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کو نوٹس جاری کر دیا۔