ٹک ٹوک ایک طرف آج کل سیاسی لیڈر شپ غیر شائستہ زبان استعمال کر رہی ہے پشاور ہائی کورٹ

01 جون ، 2022

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید خان نے کہا ہے کہ ایک طرف ٹک ٹاک تو ہے ہی لیکن آج کل سیاسی لیڈر بھی غیرشائستہ زبان استعمال کررہے ہیں، تقاریر میں وہ شائستگی نہیں رہی جو پہلے ہوتی تھی، فاضل چیف جسٹس نے یہ ریمارکس ٹک ٹاک پر غیراخلاقی مواد شیئر ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیئے، دورکنی بنچ نے درخواست گزار وکیل سارہ علی خان کی رٹ پر سماعت کی ، اس موقع پر پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود نے عدالت کو بتایا کہ غیراخلاقی مواد شیئرکرنے پر لاکھوں یوزرز کو وارننگ دی گئی ، عدالتی احکامات سے پہلے جو ویڈیوز اپلوڈ ہوتی تھیں اب نہیں ہوسکتیں، غیر اخلاقی مواد روکنے کےلئے سینکڑوں ماہرین بھرتی کئے گئے ہیں، چیف جسٹس قیصررشید خان نے کہا کہ بعض چیزیں پی ٹی اے کے دائرہ اختیارمیں نہیں ،حکومت کو اس حوالے سے بھی کچھ کرنا چاہئے، بعدازاں عدالت نے ٹک ٹاک سے متعلق رٹ پٹیشن نمٹا دی ۔