برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کیلئے قومی خواتین سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

01 جون ، 2022

لاہور(نیوز رپورٹر)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کیلئے قومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کردیا۔سکواڈ میں بسمہ معروف کپتان ایمن انور عالیہ ریاض انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ فاطمہ ثنا، گل فیروزہ وکٹ کیپر، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی وکٹ کیپر، ندا ڈار، عمیمہ سہیل ، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن شامل ہیں۔ چیف سلیکٹرقومی خواتین کرکٹ اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد انہوں نے اگلی دونوں اسائنمنٹس کے لیے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،نہ صرف سینئر کھلاڑیوں بلکہ عمدہ صلاحیتوں کی حامل نوجوان کرکٹرز نے بھی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اسماویہ اقبال نے کہا کہ طوبہ حسن کا انٹرنیشنل ڈیبیو شاندار رہامستقبل میں ان کی لیگ اسپن با ولنگ ایک موثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے، عائشہ نسیم نے بھی سری لنکا ویمنز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ میں شیڈول سہ فریقی سیریز اور برمنگھم کامن ویلتھ گیمز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے امتحان ہوں گے، انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹرز ان کی توقعات پر پورا اترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہیں، انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹرزمہمان ٹیم کے خلاف آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز میں بھی اسی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف کی فیملی کی گیم ویلج میں ٹھہرنے کی درخواست منظور کرنے پر وہ کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ کی مشکور ہیں۔